ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: غوثیہ محلے کا ڈرینیج مسئلہ؛ 4 نومبرکو تنظیم نے اور 6نومبر کوڈسٹرکٹ انچارج منسٹر نے رکھی ہے میٹنگ

بھٹکل: غوثیہ محلے کا ڈرینیج مسئلہ؛ 4 نومبرکو تنظیم نے اور 6نومبر کوڈسٹرکٹ انچارج منسٹر نے رکھی ہے میٹنگ

Thu, 02 Nov 2023 20:09:25    S.O. News Service

بھٹکل 2/نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل غوثیہ محلہ میں ڈرینیج کا مسئلہ سنگین رُخ اختیار کرچکا ہے اور ڈرینیج کا گندہ پانی شرابی ندی میں بہانے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے نہ صرف پوری ندی بلکہ پورا علاقہ سمیت اطراف کے علاقے بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

مسئلہ کی یکسوئی کے لئے ایک طرف  میونسپل کونسلر  قیصر محتشم   اپنی طرف سے ہرممکن کوششوں میں لگے ہیں، وہیں علاقہ کے کونسلر فیاض مُلا اور  علاقہ کے دیگر ذمہ داران بھی  معاملے کو لے کر اپنی آواز بلند کررہے ہیں۔

حال ہی میں علاقہ کے ایک سماجی کارکن  محمد علی سدی باپا نے  بھٹکل کے رکن اسمبلی اور ضلع اُترکنڑا کے انچارج وزیر منکال وئیدیا کو   ایک میمورنڈم پیش کرکے  مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی تھی، انہوں نے اسی طرح کا ایک میمورنڈم  بھٹکل چیف آفسر نیل کنتھ میستا کو بھی پیش کیا تھا، جبکہ اسی تعلق سے آج    جمعرات کو  علاقہ کے کونسلرفیاض مُلّا نے  بھی منکال وئیدیا کے نام میمورنڈم پیش کرکے معاملے کو حل کرنے کی درخواست کی ہے۔

ڈرینیج مسئلہ کی سنگینی پر گفتگو کرتے ہوئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے جنرل سکریٹری  عبدالرقیب ایم جے ندوی نے بتایا کہ ڈرینیج کا   گندہ پانی ندی میں چھوڑے جانے سے  ندی کے  اطراف کے تمام  علاقوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں اور  اس کا تدارک بے حد ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے  تنظیم کے ذمہ داران  ڈسٹرکٹ انچارج وزیر منکال وئیدیا  کے ساتھ رابطے میں ہیں اور منکال وئیدیا نے 6 نومبرکو     واٹر بورڈ،  یو جی ڈی ، میونسپل حکام  اور تعلقہ انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ  منعقد کی ہے جس میں  تنظیم کے ذمہ داران بھی شریک ہوں گے۔

پتہ چلا ہے کہ   وزیر منکال وئیدیا کے ساتھ میٹنگ سے پہلے تنظیم میں 4 نومبر کو  سیاسی پینل کی میٹنگ رکھی گئی ہے جس میں خصوصی مدعوئین کے ساتھ متعلقہ علاقہ کے  کونسلروں  کو بھی  مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  میٹنگ میں غوثیہ محلہ کا ڈرینیج معاملہ سمیت   ہیبلے  پنچایت حدود میں راستہ کنارے کچرا پھینکنے کا معاملہ بھی زیر غور رہے گا۔ اس بات کی بھی خبر ہے کہ  6 نومبر کو وزیر کے ساتھ میٹنگ میں سٹی سروے کے تعلق سے بھی بات ہوگی۔

یاد رہے کہ حال ہی میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا نے  میونسپل کونسلروں کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا تھا اور میٹنگ میں تعلقہ ہیلتھ آفسر ، میونسپل چیف آفسر، میونسپل  انجینر اور دیگر متعلقہ ذمہ داران بھی شریک ہوئے تھے۔میٹنگ میں     ڈینگو سے بھٹکل میں ہوئی دو لوگوں کی مشکوک موت  کے اسباب تلاش کرنے کی کوشش کی گئی تھی، جس کےدوران یہ بات کھل کر سامنےآئی تھی کہ غوثیہ محلہ میں   ڈرینیج کا گندہ پانی  ندی میں چھوڑے جانے سے مچھروں کی افزائش ہورہی ہے او راسی سے  متعدد بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اس تعلق سے  فوری کاروائی کرنے اور ندی میں گندے پانی کو چھوڑے جانے  سے  روکنے کے لئے ضروری اقدامات پر زور دیا تھا۔


Share: